بیوٹی انجکشن لگانے والے غیر مستند افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی: جمال ناصر 

Oct 21, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بیوٹی انجیکشن لگانے والے غیر مستند افراد کے خلاف کریک ڈاو¿ن کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ بیوٹی اور سکن کیئر کے لئے صرف ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے منظور شدہ انجیکشنز ہی استعمال کئے جائیں اور صرف کوالیفائیڈ سکن سپیشلسٹ اور سرجنز کو ہی بیوٹی انجیکشن لگانے کی اجازت ہے۔ کوئی نان کوالیفائیڈ بیوٹیشن سکن کیئر انجیکشن نہیں لگا سکتا۔ منظور شدہ بیوٹی انجیکشن کے علاوہ دوسرے انجیکشن استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ غیر معیاری بیوٹی کریمیں پیچیدہ بیماریوں حتیٰ کہ کینسر کا باعث بن رہی ہیں۔ غیر معیاری کاسمیٹکس، بیوٹی کریموں، اور انجیکشنز کے بارے میں سخت پالیسی اختیار کی جائے گی۔ کاسمیٹک کریموں کی تیاری کے ایس او پیز تیار کئے جائیں اور یہ کریمیں بنانے والوں کو لائسنس جاری کئے جائیں۔ اس کے علاوہ تمام بیوٹی پارلرز اور ہیئر سیلونز کے ملازمین کی ہیپاٹائٹس سکریننگ کی جائے۔ وہ گزشتہ روز پنجاب کے ضلعی ڈرگز کوالٹی کنٹرول بورڈز کے سیکرٹریوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر پرائمری ہیلتھ نے ہدایت کی کہ ایوسٹان انجیکشن کے معاملے میں معطل کئے جانے والے 11 ڈرگ انسپکٹروں کے خلاف انکوائری جلد از جلد مکمل کی جائے۔ 

مزیدخبریں