لاہور (نامہ نگار) سابق وزیراعظم نواز شریف کے مینار پاکستان گراو¿نڈ میں جلسہ کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار وافسران سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ مینار پاکستان کو جانے والے راستوں پر پولیس کمانڈوز جبکہ اونچی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔ خواتین کی سکیورٹی ویمن اہلکار اور افسران کی ذمہ داری ہو گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی کے مطابق تمام انتظامات مکمل ہیں اور کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے سکیورٹی کا ایک مربوط نظام بنایا گیا ہے۔ جلسہ گاہ اور اس کے باہر کسی بھی قسم کی ہلڑبازی سے نمٹنے کےلئے خصوصی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ حساس اداروں کے اہلکار بھی اس موقع پر ڈیوٹی دیں گے۔ پولیس کی جانب سے مینار پاکستان کے گرد و نواح میں گزشتہ روز بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔ سکیورٹی کا جائزہ لینے کےلئے ڈی آئی جی آپریشنز گریٹر اقبال پارک پہنچ گئے۔