لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ چند خاندان اور افراد ملک کے مسائل کا حل نہیں، قوم کے سامنے اپنے آپ کو مسیحا پیش کرنے والے، باربار آزمائے گئے حکمران ہی حالات کے ذمہ دار ہیں، جنہوں نے ملک کی بجائے خواہشات کے سومنات کو مضبوط کیا اور جس سے سیاست و جمہوریت دونوں کا نقصان ہوا۔ فرسودہ نظام کی سرجری کی ضرورت ہے۔ وہاڑی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا احتساب کے ادارے حکمرانوں کی مرضی کے مطابق کام کرتے ہیں، کوئی اقتدار میں ہوتا ہے تو اسے کلین چٹ مل جاتی ہے، محروم ہونے کی صورت میں کرپشن کی فائل بن جاتی ہے۔ ادارے بے لاگ ہوکر احتساب کریں توکئی نام نہاد لیڈران پکڑے جائیں، جن پارٹیوں کو موقع ملا انہوں نے انصاف کی حکمرانی قائم نہیں کی، اداروں کو کمزور کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راو¿ ظفر، امیر ضلع وہاڑی چودھری طارق، علی وقاص ہنجرا اور دیگر مقامی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ سراج الحق نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے قرضوں سے معیشت چلائی، حکمران قرضے لے کر خود ہڑپ کرگئے، عوام پر ٹیکسز لاد دیے گئے، ہر شخص کو آئی ایم ایف کی ہتھکڑی پہنا دی گئی، ملک فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ مضبوطی سے اسی صورت میں لڑ سکتا ہے جب اسے نڈر اور ایماندار قیادت نصیب ہوگی، یہ قیادت جماعت اسلامی کی صورت میں موجود ہے، قوم بہتری، امن، ترقی اور اسلامی فلاحی پاکستان کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کرے، ان کی پاس ووٹ کی صورت میں سب سے بڑی طاقت ہے۔ حکمران پارٹیوں نے جنوبی پنجاب سے وعدے کیے، مگر ایک بھی پورا نہیں کیا، یہاں کے چند جاگیردار اور وڈیرے ووٹ لے کر غائب ہوجاتے ہیں۔ علاقہ میں انفراسڑکچر تباہ، سڑکوں کا براحال ہے، کسان بے حال ہیں، انہوں نے قوم سے اپیل کی فلسطین فنڈ میں بڑھ چڑھ کر عطیات دیں، ان کی مدد غزہ تک پہنچائی جائے گی۔