لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کیخلاف شکست کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ شروعات میں ہم نے باﺅلنگ اچھی نہیں کی، جلد وکٹیں لیتے تو آسٹریلیا کو کم ہدف پر روک سکتے تھے۔ خراب فیلڈنگ کی، کیچز چھوڑنا بھاری پڑا، پارٹنر شپ لگتیں تو میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں آتا۔ اگلے میچز اہم ہیں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔ہمیں پہلے 34اوورز مہنگے پڑے اور فیلڈنگ نے کام خراب کیا ۔ وارنر کا کیچ ڈراپ کیا اور ایسے کھلاڑی کا کیچ ڈراپ کریں تو وہ چھوڑتے نہیں ۔یہ میدان بڑے رنز والا تھا تاہم ہم ہدف حاصل نہیں کر سکے ۔ آخری 15اوورز میں کم بیک کا کریڈٹ باﺅلرز کو جاتا ہے جنہوں نے لائن اور لینتھ پر باﺅلنگ کرائی ۔ بیٹرز کیلئے پیغام ہے کہ ہم ایساہدف حاصل کرسکتے تھے جس میں ناکام رہے ۔ گیند بیٹ پر آرہی تھی اور آغا ز اچھا ملا ۔ اچھی پارنٹرز شپس کی ضرورت تھی جو 350رنز یا اس سے زائد بنانے کیلئے ضروری ہوتی ہیں ۔ایمانداری کی بات ہے کہ پہلے دس اوورز میں بہتر پوزیشن پر تھے ۔ مڈل آرڈر میں اچھی پارٹنر شپ لگ جاتی تو صورتحال مختلف ہوسکتی تھی ۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ بہت اچھی جیت ملی ہے ۔ یہاں کھیلنا مشکل تھا تاہم میچ میں کامیاب رہے ۔ اوپنرز نے اپنی فارم ثابت کی ہے ۔ ہم ایسی ہی گیم کھیلنا چاہتے ہیں ۔ ون ڈے میں کامیابی کیلئے ایسی کارکردگی چاہئے ہوتی ہے ۔ بیک تھر وملے ‘زمپا نے شاندار باﺅلنگ کی ۔ اپنی کلاس ثابت کی ہے ۔ اوپنر ز نے جو کچھ کیا وہ شاندار تھا ۔ وہ وکٹ لینے والا باﺅلر ہے ۔ بابر اعظم اور افتخار احمد کی وکٹیں بڑی تھیں ۔ کوشش کرینگے کہ آئندہ بھی اچھی کارکردگی دکھا کر آگے بڑھیں ۔ مین آف دی میچ ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ گروئن انجری سے نجات مل گئی ہے ۔ تکلیف کم ہوگئی ہے ۔ مچل کےساتھ پارٹنر شپ شاندار تھی ۔ کوشش کی ہے آنے والے بیٹرز کیلئے آسانی پیدا کریں ۔ کوشش تھی کہ پینتیس اوورز تک جائیں اور وکٹیں بچائیں ۔ پاکستان کی آخری وکٹیں جلد گرگئیں جس سے آسانی ہوئی ۔