شیخوپورہ(عظیم علی شیخ، امجد علی سلطانی سے) شیخوپورہ شہر اور نواحی علاقوں میں لاغرو بیمار جانوروں کے گوشت کی فروخت کا دھندہ بدستور جاری ہے بعض قصابوں نے اپنے گھروں اور حویلیوں میں منی سلاٹر ہاؤس بنا رکھے ہیں جہاں وہ بیمار و لاغرجانوروں کا ذبح کرکے خود ساختہ مہریں لگاکرمتعلقہ افسراور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں جبکہ لاغر و بیمار جانوروں کاگوشت کھانے سے شہری مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں، شہریوں کے مطابق ضلع بھر میں درجنوں نجی سلاٹر ہاؤس قائم ہیں جن میں جانوروں کو ذبح کرکے بھرپور پانی لگایا جارہا ہے تاکہ ان کا گوشت توانا دکھائی دے مگرگوشت خریدنے کے بعد جب پکانے کا مرحلہ آتا ہے تو اول یہ جلد گلتا نہیں ہے اور دوسرا اس کا ذائقہ تندرست جانور کے گوشت کے ذائقے سے یکسر مختلف ہوتا ہے، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ سے لاغر و بیمار جانوروں کا گوشت اور کئی کئی روز کے سٹور کردہ سری پائے فروخت کرے والوں کیخلاف کارروائی کی اپیل کی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے قصابوں کے خلاف کارروائیوں سے گریز برتنے کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے۔