گوجرانوالہ:محکمہ انہار میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ، افسران و عملہ مبینہ طور پر ملوث 

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) محکمہ انہار میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ، افسران و عملہ قیمتی درخت چوری میں مبینہ طور پر ملوث نکلے۔ نور پور بنگلہ میں تعینات سب انجینئر اور بیلدار سمیت دیگر عملے نے لاکھوں مالیت کے قیمتی درخت فروخت کر دئیے۔بتایا گیا ہے کہ محکمہ ایریگیشن میں مبینہ طور پر بے ضابطگیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں جہاں کرپشن کے واقعات میں کمی کی بجائے آئے روز ہوشربا اضافہ ہوتا جا رہا ہے، قلعہ دیدار سنگھ کے علاقہ نور پور بنگلہ میں تعینات عملے سے مبینہ ساز باز ہو کر لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی درخت(لکڑی)چوری کر کے فروخت کر دئیے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گھنائونے دھندے میں عملے کو افسران کی آشیرباد حاصل ہے۔ گزشتہ دنوں سوکھے درختوں کی ایک بڑی کھیپ ٹرالے پر لوڈ کی جا رہی تھی جب اہل علاقہ موقع پر پہنچے تو ڈرائیور نے بتایا کہ رانا سرفراز نامی شخص نے محکمے سے لکڑی خریدی ہے اس لئے لوڈ کر کے نوکھر لیجا رہے ہیں۔ بیلدار و چوکیدار دیدہ دلیری سے ہونیوالی چوری پر لاعلمی کا اظہار کرتے رہے جن کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ علم نہ ہے ہماری کوئی ذمہ داری نہیں۔ بعدازاں سب انجینئربھی لاعلمی کا اظہار کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔

ای پیپر دی نیشن