لاہور(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے دوران پاک بھارت سفارتی روابط کی بحالی سے نہ صرف دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا بلکہ وسیع تر علاقائی امن و استحکام میں بھی مدد ملے گی۔ افتخار ملک نے کہا جے شنکر کی پاکستان آمد سے دونوں ممالک کے لیے متنازعہ مسائل سے ہٹ کر بامعنی بات چیت کرنے کے مواقع کی امید پیدا ہوئی ہے جو ماضی میں مذاکرات کی راہ میں حائل رہے۔ 2 جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان طویل عرصے سے کشیدہ تعلقات میں یہ ممکنہ پگھلائو کا اشارہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر رہنمائوںکے ساتھ جے شنکر کی بات چیت اچھا شگون ہے۔ یہ خوش آئند ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی اور مستقبل قریب میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات کے امکانات کا عندیہ بھی دیا جا رہا ہے۔