فیروزوالہ( نامہ نگار ) تحصیل فیروز والا اور مرید کے علاقوں میں لاغرو بیمار جانوروں کے گوشت کی فروخت کا دھندہ بدستور جاری ہے بعض قصابوں نے اپنے گھروں اور حویلیوں میں منی سلاٹر ہاؤس بنا رکھے ہیں جہاں وہ بیمار و لاغرجانوروں کا ذبح کرکے خود ساختہ مہریں لگاکرمتعلقہ افسران اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں جبکہ لاغر و بیمار جانوروں کاگوشت کھانے سے شہری مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق تحصیل فیروز والا اور ڈسٹرکٹ بھر میں درجنوں نجی سلاٹر ہاؤس قائم ہیں جن میں جانوروں کو ذبح کرکے بھرپور پانی لگایا جارہا ہے تاکہ ان کا گوشت توانا دکھائی دے مگرگوشت خریدنے کے بعد جب پکانے کا مرحلہ آتا ہے تو اول یہ جلد گلتا نہیں ہے اور دوسرا اس کا ذائقہ تندرست جانور کے گوشت کے ذائقے سے یکسر مختلف ہوتا ہے اسی طرح بعض قصاب جانوروں کے سری پائے کئی کئی روز تک فریز کرکے فروخت کرتے ہیں۔