آئینی ترمیم سے پارلیمان کی بالادستی کو مضبوطی حاصل ہوگی:سید احمدمحمود 

Oct 21, 2024

لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو ملکی جمہوری تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا یہ دن پاکستان میں جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی کا حقیقی عکاس ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کے وعدوں کی تکمیل اور جمہوری اصولوں کی فتح قرار دیا اور اس سلسلے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔ مخدوم سید احمد محمود کا کہنا تھا کہ اس آئینی ترمیم سے پارلیمان کی بالادستی کو مضبوطی حاصل ہوئی ہے اور یہ عوام کے حقوق، جمہوری اقدار اور آئین کی پاسداری کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق  پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق اور جمہوریت کے فروغ کیلئے جدوجہد کی ہے اور یہ ترمیم اسی جدوجہد کا ثمر ہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری نہ صرف پارلیمانی عمل کی تقویت کا باعث ہوگی بلکہ یہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ایک یادگار دن کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ مخدوم سید احمد محمود نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے ویژن کی علمبردار رہی ہے۔

مزیدخبریں