لاہور(خصوصی نامہ نگار) دین اور وطن کیخلاف سازشی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن قوم ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے ایک ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اورسودی قرضوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ ان تمام مسائل کا حل نظام مصطفی کے نظام کے نفاذ میں مضمر ہے۔ یہ باتیں جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے دروغہ والاختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوںنے کہا ملکی مسائل کا واحد حل پیغمبر انقلاب کے نظام کے عملی نفاذ میں ہی مضمر ہے۔ سودی قرضوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ بجلی ،گیس ،پانی،روٹی سمیت تعلیم اور صحت کا حصول بھی غریب کی دسترس سے باہر ہو چکا ہے لیکن ان تمام مسائل کا حل اسی نظام کے نفاذ میں ہے جس نظام کے نام پر ملک کو حاصل کیا گیا۔ ملک سیا سی معاشی اور کئی حوالوں سے افواہوں کی زد میں ہے۔ حکومت کسی بھی حوالے سے عوام کو مطمئن نہیں کرسکی۔ ہرطرف مہنگائی اور مافیاز کا راج ہے۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام 2 وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوگئے ہیں اور ہر روز غریب عوام خودکشیاں کررہے جو ارباب اقتدار کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے ۔