لاہور( خصوصی نامہ نگار ) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ’’غوثِ اعظم قدس سرہ العزیز کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت غوث اعظمؒ قدس سرہ العزیز نے قرآن و سنت کی تعلیم سے لوگوں کے دل منور کیے۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے منفرد صلاحیتیں عطا فرمائی تھیں۔ آپؒ کے روحانی مقامات اور درجات بڑے بلند ہیں۔ آپؒ کی کرامات متواتر ہیں۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے بے مثال مقبولیت عطا فرمائی۔ آپؒ نے اپنے دور کے علما اور صلحاء اور اولیاء کیلئے رہبرانہ کردار ادا کیا۔ آپؒ نے خلقِ خدا کی بہتری کیلئے اور ان میں فکر آخرت پیدا کرنے کیلئے وعظ و تبلیغ کا نہایت مؤثر انداز اختیار کیا۔ آپؒ باقاعدہ علوم دینیہ کی تدریس فرماتے تھے اور آپؒ کے شاگردوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ تھی۔ کانفرنس میں حاجی منیر احمد قادری، میاں محمد الیاس جلالی، حافظ محمد کاشف جلالی، کتاب جان سمیت کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔