لاہور (نوائے وقت رپورٹ) بین المذاہب ہم آہنگی‘ امن اور محبت کے فروغ کے لئے پاکستان سے امن کا دیپ لیکر ملائیشیا سے آئے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا روانہ ہو گئے۔ یہ دیپ مختلف ممالک سے گزرتے ہوئے واپس ملائیشیا جائے گا جہاں اسے ہمیشہ کے لئے روشن رکھا جائے گا۔ ملائشیا سے تعلق رکھنے والے سردار بلدیو سنگھ تین رکنی وفد سمیت گزشتہ دنوں پاکستان پہنچے تھے۔ سردار بلدیو سنگھ نے گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور سے بابا گورونانک جی سے منسوب کنواں صاحب سے امرت جل لیا اور پھر گوردوارہ جنم استھان ننکانہ پہنچے جہاں امن کا دیپ روشن کیا گیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اﷲ کھوکھر نے بتایا کہ ملائشین سکھ یاتریوں کا یہ گروپ پاکستان سے واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا روانہ ہو گیا۔ انڈیا کی مختلف ریاستوں میں موجود سکھوں کے مقدس مقامات کی یاترا کے بعد سری لنکا سمیت مختلف ممالک سے گزرتے ہوئے واپس ملائشیا جائیں گے جہاں بابا گورونانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کے موقع پر گوردوارہ صاحب میں اس دیپ کو ہمیشہ کے لئے روشن رکھا جائے گا۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان اور پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ امن کا دیپ درحقیقت اندھیرے سے روشنی کی طرف ایک واضح پیغام ہے تاکہ دنیا بھر میں امن قائم کیا جا سکے۔
امن کا دیپ لیکر ملائیشیا سے آئے سکھ یاتری بھارت چلے گئے
Oct 21, 2024