پنجاب ریونیو اتھارٹی 163 ارب ٹرن اوور پر سیلز ٹیکس جمع کرنے میں ناکام

لاہور (احسن صدیق) آڈیٹر جنرل پاکستان کی آڈٹ رپورٹ برائے 2023-24 میں انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) 163 ارب روپے کے ٹرن اوور پر پنجاب سیلز ٹیکس کی مد میں ایک پیسے کا سیلز ٹیکس جمع کرنے میں ناکام رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2021-22کے لئے پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے فراہم کردہ سیلز ٹیکس کی وصولی کے اعدادوشمار کے آڈٹ اعدادوشمار کے آڈٹ کے دوران 9780 ٹیکس دہندگان کا ایک کھرب 63 ارب96 کروڑ 83 لاکھ 74 ہزار9سو 28 روپے کا ٹرن اوور ظاہر کیا گیا لیکن یہ بات نوٹس میں آئی کی سسٹم نے مالی سال 2021-22 کے لئے ان ٹیکس دہندگان سے صفر پنجاب سیلز ٹیکس وصولی ظاہر کی ہے اور اس پر لاگو ٹیکس کی شرح کی وصولی جو کہ 18 ارب 43 کروڑ 27 لاکھ 72 ہزار روپے بنتی ہے کو سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرایاگیا ہے۔ آڈٹ کا خیال ہے کہ اندرونی کنٹرول کی عدم موجودگی اور انتظامیہ کی جانب سے عدم فعالیت کے نتیجے میں پنجاب سیلز ٹیکس کی مد میں 18 ارب 43 کروڑ 27 لاکھ 72 ہزار روپے جمع نہیں کرائے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ آڈٹ نے 27 جون 2023 کو اس کی نشاندہی کی لیکن پی آر اے کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ جنوری 2024 میں ڈسٹرکٹ اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں پی آر اے نے موقف اختیار کیاکہ آڈٹ نے تخمینے کی بنیاد پر ٹیکس کی ذمہ داری کا اندازہ لگایا ہے۔ آڈٹ کا خیال ہے کہ آڈٹ پیروں میں ایسے کیسز کی نشاندہی کی گئی جن پر ٹیکس لاگو ہوسکتا تھایا جنہوں نے اپنی ٹیکس کی زمہ داری میں کوتاہی برتی اور جہاں پی آر اے کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔تاہم پی آر اے نے سروسز پر سیلز ٹیکس نافذ کیا لیکن اتھارٹی کی جانب سے مذکورہ ضوابط کی روشنی میں کارروائی نہیں کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن