تجاوزات کیخلاف آپریشن سے قبل بازار کے نمائندگان کو آن بورڈ لیا جائے،کمشنر

Oct 21, 2024

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئرعامر خٹک نے شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ انسداد تجاوزات آپریشن صرف اسی صورت میں کامیاب ہوتا ہے جب اس میں تسلسل ہو۔ کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انسداد تجاوزات کیلئے تشکیل دی گئی ٹیموں نے اسسٹنٹ کمشنر حاکم علی کے زیر نگرانی  تلواڑہ، راجہ بازار اور اقبال روڈ پر آپریشن کیا۔ اسکے علاوہ مری روڈ کی اطراف کو عارضی و مستقل ہر قسم کی غیرقانونی تجاوزات سے پاک کر دیا گیا ہے۔آپریشن کے دوران بارہا غیر قانونی تجاوزات میں ملوث 27 دکانوں کو سیل کیا گیا۔انجینئر عامرخٹک نے کہا کہ جس بازار میں بھی آپریشن کرنا ہو، پہلے وہاں کے نمائندگان کو آن بورڈ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ مال شہر سے باہر گوداموں میں منتقل کیا جائے گا۔ عارضی تجاوزات کو اٹھا لیا جائے گا جبکہ مستقل کو ڈھایا جائے گا، اس لئے ہدایت کی جاتی ہے کہ اس دئیے گئے وقت میں سامان اٹھائیں اور اپنا نقصان ہونے سے بچائیں۔کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر حاکم علی، سی او میونسپل کارپوریشن عمران علی و دیگر متعلقہ آفسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں