نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 21 سے 26 اکتوبر تک ساموا میں ہونے والے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم دولت مشترکہ کے اجلاس میں اہم عالمی مسائل اور چیلنجز پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے اور موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی ترقی اور دولت مشترکہ کی برادری میں بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیں گے۔محمد اسحاق ڈار کامن ویلتھ بزنس فورم میں ٹرانسفارمنگ آوور ورک فورس میں اپنے کلیدی خطاب میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ہنر کی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی پر پاکستان کے کردار کو اجاگر کریں گے۔ نائب وزیر اعظم دولت مشترکہ کے دیگر رکن ممالک کے وفود کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔ بیان کے مطابق دولت مشترکہ کے2024 کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت دولت مشترکہ کے ساتھ اس کی مسلسل وابستگی اور چھوٹے پیسفک جزائر ممالک کے ساتھ اس کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
اسحاق ڈار دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے
Oct 21, 2024 | 14:27