چیف جسٹس پاکستان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی آج تشکیل کئے جانے کا امکان

Oct 21, 2024 | 22:18

ویب ڈیسک

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی آج تشکیل کئے جانے کا امکان ہے۔پارلیمانی کمیٹی برائے تقرری چیف جسٹس پاکستان آج تشکیل کئے جانے کا امکان ہے اور اسپیشل پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس کل بلائے جانے کا بھی امکان ہے۔نئے چیف جسٹس کے لیے جسٹس منصور، جسٹس منیب اور جسٹس یحییٰ کے ناموں پر غور ہوگا، نئے چیف جسٹس کے لیے کمیٹی دو تہائی اکثریت کے تحت فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب نئے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے معاملے پر جے یو آئی نے سینیٹر کامران مرتضیٰ کو بطور ممبر کمیٹی نامزد کیا ہے. مولاناعطاء الرحمان نے کامران مرتضیٰ کا نام سینیٹ سیکرٹریٹ کو پہنچادیا ہے۔اسی طرح پیپلزپارٹی نے بھی چیف جسٹس کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے معاملے پر تین نام بھجوا دیے ہیں۔پیپلزپارٹی نے دو نام قومی اسمبلی اور ایک سینیٹ سے بھجوایا ہے جب کہ قومی اسمبلی سے سید نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف کے نام اور سینٹ سے فاروق ایچ نائیک کا نام تجویز کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے اور تحریک انصاف آج پارلیمانی کمیٹی کے لیے نام اسپیکر کو بھجوائے گی۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی لیڈرز کو خطوط لکھے تھے جس میں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے لئے ارکان کے نام مانگے تھے۔

مزیدخبریں