ووٹ کو عزت دو والوں نے ووٹ کی بے حرمتی کی:اسد قیصر

Oct 21, 2024 | 23:20

ویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم اداروں کے خلاف محاذ آرائی کا سبب بنے گی۔پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل رات کے اندھیرے میں 26ویں آئینی ترمیم کو غیر آئینی طریقے سے منظور کیا گیا۔ اس ترمیم کو اتنی جلد بازی سے پاس کرانے کی کیا ضرورت تھی۔ اور سب جانتے ہیں کہ کس طرح ووٹ کو غیر آئینی طور پر خریدا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم غیر اخلاقی اور اداروں کے درمیان مزید محاذ آرائی کا سبب بنے گی۔ ووٹ کو عزت دو والوں نے ووٹ کی بے حرمتی کی۔ کیونکہ اراکین پیسوں کے عوض بِک گئے۔اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی۔ چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوئی۔ جبکہ ترمیم کو سینیٹ سے بھی غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر پاس کیا گیا۔ خیبر پختونخوا فیڈریشن کی اکائی ہے جس کے سینیٹرز کی نمائندگی نہیں تھی۔ اور اس بل کو ایک نامکمل نمائندگی سے سینیٹ سے پاس کرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے سوال ہے کیا یہ پیپلز پارٹی کی جمہوریت ہے؟ اراکین کو خرید کر ڈرا دھمکا کر ان کے بہن بیٹیوں کو اٹھا کر جمہوریت کو پامال کر کے 26ویں آئینی ترمیم پاس کرائی گئی۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے جتنے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی نے اپنے ضمیر کا سودا کیا۔ اور بک گئے وہ سارے غدار ہیں۔ بکنے والوں نے پارٹی کے ساتھ ساتھ بانی پی ٹی آئی اور قوم سے بھی غداری کی ہے۔ اور ان غداروں سے قوم خود حساب لے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کو ان غداروں کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیئے۔ اور ان کی پارٹی رکنیت فورا معطل کر دینی چاہیئے۔

مزیدخبریں