وزیراعلی پنجاب نے یہ بات بھکر میں وطن کارڈ سنٹر کے معائنے کے موقع پر سیلاب زدگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ علاقوں میں کاشتکاروں کو آئندہ فصل کیلئے بیج اور کھاد مفت فراہم کرے گی جبکہ موسم سرما سے پہلے سیلاب زدگان کو گرم لحاف بھی دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں وطن کارڈ کی تقسیم کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وطن کارڈ کے اجراء میں کسی بھی مستحق خاندان کی حق تلفی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا کہ سیلاب زدہ خاندانوں کے سربراہان کو ان کے گھروں سے وطن کارڈ سنٹر لانے اور واپس لے جانے کیلئے بسیں مہیا کی جائیں۔ دوسری جانب وزیراعلٰی پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے سیلاب زدہ علاقوں کے کالجز میں زیرتعلیم طلبہ کی تمام فیسیں معاف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ اضلاع بھکر، ڈی جی خان، لیہ، میانوالی، مظفرگڑھ، راجن پوراور رحیم یار سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کی فیس معاف کی گئی ہے۔