کامن ویلتھ گیمزسٹیڈیم کےقریب زیرِ تعمیر پُل گرنے سے تئیس افراد زخمی ہوگئے، نئی دہلی میں کھلاڑیوں کی رہائش کے لئے بسایا گیا شہر گندگی اور ناکافی سہولیات کے باعث رہنے کے قابل نہیں۔

نئی دہلی تین اکتوبر سے کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے رہا ہے لیکن ناسازگارحالات کی وجہ سے ایسا ہوتا نظرنہیں آرہا۔ جس سے بھارت کو ناصرف معاشی لحاظ سے بڑا نقصان برداشت کرنا پڑے گا بلکہ اس کی سفارتی اور سماجی حیثیت بھی شدید متاثرہوگی۔ نئی دہلی میں منگل کے روز کامن ویلتھ سٹیڈیم کے ساتھ کار پارکنگ کیلئے بنایا گیا ایک زیرتعمیر پل گرنے سے تئیس افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ  زخمیوں میں سے پانچ افراد کی حالت نازک ہے۔ کامن ویلتھ گیمز کے انعقاد میں چند روزہی باقی ہیں اورایتھلیٹس کی آمد بھی جمعرات سے شروع ہورہی ہے ایسے میں پل کا گرنا اوردو روز پہلے سیاحوں کی بس پرحملے نے بھارتی حکام کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔ دوسری طرف برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، سکاٹ لینڈ اورویلزکے ٹیم لیڈرزکی جانب سے گیمزویلیج میں سہولتوں کو ناکافی اور ناقص قرار دے دیا گیا ہے  ۔ گیمز میں حصہ لینے والے ملکوں کی جانب سے سکیورٹی خدشات کا بھی اظہارکیا گیا ہے جبکہ ویلیج کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس کی حیثیت ایک فلتھ ڈپو سے زیادہ نہیں۔ ادھربھارتی گیمز حکام نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ ساتھ شائقین کی سکیورٹی کا انتہائی مناسب انتظام  کیا جائے گا اور انہیں ہرممکن  سہولتیں دی جائیں گی ۔

ای پیپر دی نیشن