ریاض حسین پیززادہ کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت / انتخابات کو زرداری کی چالاکیوں سے بچانا ہو گا : نوازشریف

Sep 21, 2012

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے کہا ہے وفاقی حکومت نے اپنے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں عوام کو سخت مایوس کیا ہے اور حکومت کی کارکردگی صفر رہی ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت اور لوڈشیڈنگ جیسے اہم قومی مسائل موجودہ حکومت کی نااہلی اور بیڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی اس ناکامی میں برابر کی شریک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائیونڈ میں ق لیگ کے ایم این اے ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نوازشریف نے کہا ان کے دروازے تمام مسلم لیگیوں کے لئے کھلے ہیں۔ جن مسلم لیگیوں کو ہمارے ایجنڈے اور پروگرام سے اتفاق ہے ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں اپنے دو ادھورے دور اقتدار میں پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ریکارڈ کام کئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں انشاءاللہ کامیابی حاصل کر کے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا سفر دوبارہ وہیں سے شروع کرے گی جہاں ایک آمر نے 1999ءمیں اسے بزور بندوق ختم کر دیا تھا۔ اس موقع پر ریاض پیرزادہ نے کہا ملک کی سالمیت اور بقا کی خاطر تمام مسلم لیگیوں کو نواز شریف کی قیادت تلے متحد ہونا ہو گا۔ عوام موجودہ حکمرانوں اور ان کی پالیسیوں سے سخت نالاں ہیں اور وہ پاکستان کے مسائل اور بحرانوں سے نجات کے لئے نوازشریف کی طرف دیکھ رہے ہیں اور نوازشریف ہی پاکستان کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ ریاض پیرزادہ نے نوازشریف کو جنوبی پنجاب، بہاولپور اور چولستان کے عوام کی ترقی اور حقوق کے لئے مختلف تجاویز بھی دیں۔ نوازشریف نے کہا شہباز شریف کی زیر قیادت پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب میں ترقی اور خدمات کی نئی مثالیں قائم کی ہیں اور انشاءاللہ آئندہ بھی جنوبی پنجاب کو جدید سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ (ق) لیگ کے رکن قومی اسمبلی ریاض حسین پیرزادہ کی میاں نوازشریف سے ملاقات کے حوالے سے پارٹی کے ایک سینئر رہنما کا کہنا تھا ریاض حسین پیرزادہ نے ملاقات میں میاں نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ان رہنما کا کہنا تھا ریاض حسین پیززادہ کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے مگر انہوں نے ممبر قومی اسمبلی ہونے کی وجہ سے باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ ملاقات میں شہباز شریف، چودھری نثار، خواجہ آصف، سجاد حسین پیرزادہ، سابق چیئرمین ضلع کونسل بہاولپور، کاظم علی پیرزادہ ایم پی اے اور محمد صفدر گل ایم پی اے بھی شریک تھے۔ اے پی اے کے مطابق ریاض حسین پیرزادہ نے ملاقات میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کر دی مگر باقاعدہ اعلان جلد حاصل پور میں جلسہ عام میں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں نوازشریف کی زیر صدارت لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی کی ڈویژنل کمیٹیوں کا اجلاس ہوا جس میں مذکورہ ڈویژنوں کی انتخابی، سیاسی اور تنظیمی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے علاوہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ عام انتخابات، نگران سیٹ اپ، عام انتخابات کے لئے پارٹی کی تیاریوں سمیت پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا آئندہ انتخابات کو آصف زرداری کی چالاکیوں سے پاک کرنے کے لئے ان کا مواخذہ کرنا ہو گا، آصف زرداری مفاہمت کے نام پر چال بازیاں کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادی لوٹ مار میں مصروف ہیں، ان کو ملک و قوم کی کوئی فکر نہیں، آصف زرداری کی نگرانی میں شفاف انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا حکمران اور ان کے اتحادی مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور ان سے نجات کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو متحدہ ہونا ہو گا اور پارلیمنٹ میں موجودہ اپوزیشن جماعتوں کو چاہئے وہ نہ صرف خود متحد ہوں بلکہ حکومتی اتحادی جماعتوں کو بھی ساتھ ملا کر زرداری کے مواخذہ پر راضی کریں۔ این این آئی کے مطابق نوازشریف نے کہا ملک کے موجودہ حالات میں آئندہ انتخابات قوم کے لئے ایک امتحان ہوں گے۔ بہت سے نئے لوگ عوام کو 90 دن میں دودھ کی نہریں بہانے کے سہانے خواب دکھا رہے ہیں لیکن اس میں کوئی حقیقت نہیں، عملی اقدامات میں دن، مہینے نہیں بلکہ برسوں درکار ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں فخر ہے ہم نے جس آزاد عدلیہ کے لئے جدوجہد کی تھی وہ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے، کرپشن کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے اور ہمارا م¶قف ہے قوم کی لوٹی ہوئی دولت ضرور واپس آنی چاہئے۔ آئی این پی کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں جلسوں کے انعقاد اور مقررہ وقت پر عام انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پر دبا¶ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق نوازشریف کی صدارت میں پارٹی کے غیر رسمی اجلاس میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں فیصلہ کیا گیا۔ میاں نوازشریف پنجاب سمیت چاروں صوبوں کے دورے کریں گے جہاں وہ اجتماعات سے خطاب کریں گے اور اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور عہدےداروں کو بھی ٹارگٹ دئیے جائیں گے۔ نوازشریف نے کہا ملک کی تباہی میں حکمرانوں کے ساتھ ان کے اتحادی بھی برابر کے مجرم ہیں اور قوم آئندہ انتخابات میں ان سے ہر صورت حساب لے گی۔ انہوں نے کہا حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہو رہا ہے مگر حکمران سب اچھا کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تمام فیصلے جمہوریت اور قومی مفادات کو سامنے رکھ کر کرتی ہے، مسلم لیگ (ن) کا مشن غریب عوام کے مسائل کا حل اور ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا ہے۔ انہوں نے کہا ملکی حالات دیکھ کر بہت پریشان ہوتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) وہ واحد جماعت ہے جو کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی اور عوام کو اعتماد میں لیتی ہے اور ہمارے تمام فیصلے ملک اور جمہوریت کے مفاد میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکمران الیکشن سے راہ فرار کی کوشش کر رہے ہیں مگر ان کا عوام کی طاقت سے راستہ روکیں گے اور ان کو ہر صورت مقررہ وقت پر انتخابات کرانے ہوں گے۔

مزیدخبریں