یوم عشق رسول کے موقع پر لاہور کے مال روڈ پر مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور مذہبی جماعتوں کے ہزاروں کارکنوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاج کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی تو مال روڈ میدان جنگ بن گیا۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا ۔پنجاب اسمبلی کے سامنے مظاہرین نے رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی۔ بپھرے ہوئے مظاہرین نے پنجاب اسمبلی کی جانب لگائی گئی رکاوٹیں بھی توڑ ڈالیں جسکے بعد اعلی افسران کی ہدایت پر پولیس نے شیلنگ بند کر دی۔ مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کی جانب پیش قدمی کی جسے روکنے کیلئے پولیس نے ایک بار پھر شیلنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔ ایجرٹن روڈ پر مظاہرین امریکی قونصل خانے کے باہر جمع ہو گئے۔ پولیس کی ہوائی فائرنگ اور شیلنگ سے مظاہرین میں بھگدڑ مچ گئی۔اس دوران بیشتر مظاہرین بے ہوش ہو گئے جبکہ جھڑپوں میں مشتعل مظاہرین نے پولیس سے بندوقیں بھی چھین لیں۔
پولیس کی شدید مزاحمت کے باوجود مظاہرین نے پیش قدمی نہ چھوڑی اور کنٹینرز ہٹا کر امریکی قونصلیٹ کی عمارت پر دھاوا بول دیا۔ بے قابو مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے امریکی قونصلیٹ کے اندر سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔ مظاہرین نے امریکی قونصلٹ کے قریب موجود چوکی اور دیگر عمارتوں کو آگ لگا دی۔ صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے اعلیٰ حکام نے قونصل خانے کے باہر رینجرز کے دستے تعینات کردئیے گئے جبکہ بعد ازاں مظاہرین کو منتشر کردیا گیا