لاہور+کراچی (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت نیوز+نیوز ایجنسیاں) جسٹس مشیر عالم نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چوہدری نے حلف لیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہونے والی تقریب میں جسٹس مشیر عالم نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ واضح رہے کہ جسٹس مشیر عالم اس سے قبل چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تھے انہیں ترقی دے کر سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا ہے جبکہ جسٹس مقبول باقر کو سندھ ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔ تقریب میں سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کے ججوں، سندھ ہائی کورٹ بار کے عہدیداروں اور سنیئر وکلا نے شرکت کی۔ مشیر عالم کے حلف اٹھانے کے بعد سپر یم کورٹ کے ججوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ کے مستقل کئے گئے 6 ججوں نے بھی حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطاء بندیال نے ججز سے حلف لیا۔ ہائیکورٹ کے 6 ججوں کی تقریب حلف برداری لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی جہاں چیف جسٹس جسٹس عمر عطاء بندیال نے مستقل کئے گئے ججوں سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں جسٹس عبدالسمیع خان، جسٹس عبادالرحمان لودھی، جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس علی باقر نجفی شامل ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں پرنسپل سیٹ پر کام کرنے والے ججز، بار کے نمائندوں، وکلائ، ہائی کورٹ کے انتظامی افسروں نے بھی شرکت کی۔ اب لاہور ہائی کورٹ میں مستقل ججوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں جسٹس مقبول باقر نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے ان سے حلف لیا۔ جسٹس مقبول باقر سندھ ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے تھے۔