اسلام آباد (آئی این پی+اے این این) سیاسی اور عسکری قیادت نے ایک بار پھر ملک سے ہر صورت دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل کیا جائے گا‘ اپر دیر میں دہشت گردی کے واقعہ کے باوجود مسئلہ کے حل کیلئے سیاسی عمل کو موقع دیا جائے گا۔ اس بات کا اظہار وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے وزیراعظم کو اپر دیر میں دہشت گردی کے واقعہ کی وجہ سے فوج میں پائے جانے والے شدید ردعمل سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ فوج اے پی سی میں کئے گئے فیصلوں پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد کیلئے حکومت کے ساتھ ہے اور مسئلہ کے حل کیلئے سیاسی عمل کو موقع دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپر دیر واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے فوجی افسران اور اہلکاروں کی شہادت پر آرمی چیف سے اظہار تعزیت کیا اور میجر جنرل ثناءاﷲ اور دیگر شہداءکے لئے مغفرت کی دعا بھی کی گئی۔ اے این این کے مطابق ملاقات میں کل جماعتی کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تقرری پر مشاورت بھی کی گئی۔ بعد ازاں ڈی جی آئی ایس آئی نے کراچی آپریشن میں انٹیلی جنس شیئرنگ سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
”اے پی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد ہو گا“ وزیراعظم ‘ آرمی چیف‘ ڈی جی آئی ایس آئی میں اتفاق
Sep 21, 2013