کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی میں اے این پی کے رہنما اور خاتون کو فائرنگ کے دو واقعات میں قتل کر دیا گیا جبکہ رینجرز اور پولیس نے 40 مزید جرائم پیشہ افراد کو ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا۔ منگھو پیر کے علاقے میں جمعہ کی دوپہر موٹر سائیکل سوار دو افراد نے نیو ناظم آباد گیٹ کے قریب فائرنگ کر کے اے این پی کے رہنما نذیر زادہ کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ مقتول 6 بچوں کا باپ تھا اور اسکا تعلق گدون امان زئی سے تھا۔ اورنگی 4 میں ناملوم افراد کی فائرنگ سے خاتون یاسمین وحید جاں بحق ہوگئی۔ دریں اثناءکراچی میں جرائم پر قابو پانے کیلئے رینجرز اور پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں سے چالیس مشتبہ افراد گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ مری سے گرفتار ہونے والے چودہ ٹارگٹ کلرز کو بھی کراچی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق نیلم کالونی، ڈیفنس ویو، سکندر گوٹھ، پاکستان کوارٹرز، کیٹل کالونی، بلال کالونی میں چھاپے مارے گئے جبکہ کشمیر کالونی سے سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلر اسلحہ، موٹر سائیکل اور پولیس کی وردی سمیت پکڑا گیا۔