لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کے کوچ کی جانب سے پیش کی جانے والی دورہ زمبابوے کی رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والی ملاقات میں نگران چیئرمین پی سی بی نے آسٹریلوی شہریت رکھنے والے قومی ٹیم کے کوچ واٹمور سے تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والی ملاقات میں تندوتیز سوالات کئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹمور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی جانب سے دورہ زمبابوے کے حوالے سے اٹھائے گئے سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے غیرملکی کوچ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے ہیں جس کی وجہ سے سیریز کے آخری ٹیسٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ ڈیو واٹمور گذشتہ روز نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ساتھ ملاقات کے لئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے قذافی سٹیڈیم کے تین چکر لگائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران چیئرمین جو کرکٹ سے ناواقف ہیں، نے بعض میڈیا کے لوگوں کی جانب سے بتائے گئے سوالوں کے مطابق ڈیو واٹمور سے سوالات کئے گئے۔
واٹمور نجم سیٹھی کے تند و تیز سوالات کے سامنے ”بے بس“، قائم مقام چیئرمین پی سی بی کا رپورٹ پر عدم اعتماد
Sep 21, 2013