انچیون(سپورٹس رپورٹر) دفاعی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو چاروں شانے چت کر کے میگا ایونٹ کا دھماکہ خیز آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان ٹیم نے سری لنکا کو صفر کے مقابلے 14 گول سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے تین کھلاڑی ایم عمران، رضوان سینئر اور ایم عمر بھٹہ نے ہیٹ ٹرک سکور کی۔ میچ میں ایم عمران نے چار، عمر بھٹہ اور ایم رضوان نے تین تین، ایم عرفان نے دو جبکہ ایم توثیق اور وقاص نے ایک ایک گول سکور کیا۔ پاکستان آج چین کا مقابلہ کرے گا۔ اس سے قبل کھیلے جانے والے میچز میں جاپان نے بنگلہ دیش کو آٹھ صفر سے اور ملائیشیا نے سنگاپور کو آٹھ دو سے مات دی۔ ویمنز کرکٹ ایونٹ میں چین نے جنوبی کوریا جبکہ تھائی لینڈ نے ملائیشیا کو شکست دیدی۔ جنوبی کوریا ویمنز ٹیم 13.2 اوورز میں صرف 49 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ چین ویمنز ٹیم نے ہدف 2 وکٹوں پر 49 رنز بنائے۔ تھائی لینڈ ویمنز ٹیم نے ہدف ایک وکٹ پر پورا کر لیا۔ پاکستانی کھلاڑی ناصر اقبال پیش قدمی کے سلسلے کو بڑھاتے ہوئے 17 ایشین گیمز مینز سکوائش ایونٹ سنگل ایونٹ کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا فرحان محبوب پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ کوارٹر فائنل میں ناصر کا مقابلہ روایتی حریف بھارتی کھلاڑی سے ہو گا۔ جنوبی کوریا 5 گولڈ اور مجموعی طور پر 13 میڈلز کے ساتھ پہلے، چین 5 گولڈ اور مجموعی طور پر 11 میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے سری لنکا کو 14-0 سے شکست دیدی
Sep 21, 2014