اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ ایجنسیاں) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم تحریک انصاف کے ساتھ جوڈو کراٹے نہ کرے۔ کراچی ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جاگیرداروں اور صنعتکاروں کی باتیں تو متحدہ کو بری نہیں لگتیں، تحریک انصاف کی باتوں کو ایم کیو ایم درگذر کیوں نہیں کرتی، ہلکی پھلکی موسیقی چلتی رہتی ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق انہوں نے کہا 2015 انتخابات کا سال ہے۔ پارلیمنٹ کے اندر کا دھرنا ختم اور باہر کا دھرنا جاری ہے، جو نواز شریف کے اقتدار کے خاتمے تک جاری رہیگا۔ نواز شریف کو جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، قربانی سے پہلے قربانی ہو گی، ایم کیو ایم کو مسائل زدہ عوام یا نواز شریف میں سے کسی ایک انتخاب کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا نواز شریف ایک کاروباری وزیراعظم ہیں، انہوں نے اپنے دور حکومت میں جرنیلوں اور ججوں کو خریدا، ہم مسائل میں گھرے عوام کے لئے لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)ایک جماعت ہوگئی ہے لیکن معیار مختلف ہیں۔ نواز زرداری اور زرداری نواز کی انشورنس پالیسی ہیں۔ خورشید شاہ کے خلاف نیب میں موجود کیسز ختم ہو رہے ہیں اس لئے وہ نواز شریف کی حمایت میں بول رہے ہیں لیکن نواز شریف کو جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ این این آئی کے مطابق شیخ رشید نے نیویارک میں بھی دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ درحقیقت پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن ایک ہی ہیں، نواز شریف کو کسی نے نہیں بچانا، وہ خود جمہوریت کیلئے سب سے بڑاخطرہ ہیں۔ آئی این پی کے مطابق شیخ رشید احمد نے کہا ہے مشرف کی رہائی کیلئے نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کر رہے، کبھی فوجیوں کیلئے بھنگ پینے کا لفظ استعمال نہیں کیا بلکہ کہا تھا وہ ستو پی کر سوئے ہوئے ہیں اب لگ رہا ہے انہوں نے سلا جیت کھا لی ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف خود جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے جس دن عمران خان کا استعفیٰ منظور ہوا میں بھی استعفیٰ دیدوں گا۔ میری کوشش ہو گی تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوں۔ پیپلز پارٹی کو خوف ہے دھرنوں میں شامل ہوئی تو ان کے خلاف احتساب شروع ہو جائے گا۔
2015ء انتخابات کا سال ہے، متحدہ، تحریک انصاف سے جوڈو کراٹے نہ کرے: شیخ رشید
Sep 21, 2014