خرطوم/برلن(آئی این پی ) سویڈن کے اخبار ’’دی لوکل‘‘ نے کہا ہے کہ روم میں 17سالہ لڑکے نے تھوکنے پر ایک پاکستانی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، بے گھر پاکستانی شخص کے 17سالہ قاتل کو گرفتار کر لیا گیا۔سویڈن کے اخبار ’’دی لوکل‘‘ نے اطالوی میڈیا کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستانی شہری کو تشدد سے جاں بحق کرنے کا واقعہ مشرقی روم کے ضلع Torpignattara میں پیش آیا۔ حملہ آور اسی علاقے کا رہائشی ہے۔ پولیس کو بیان دیتے ہوئے حملہ آور نے کہاکہ گلی میں پاکستانی شہری نے اس پر تھوکا تھا۔ وہ گھر کی طرف جا رہا تھا جب اس نے دیکھا کہ ایک پاکستانی شراب کے نشے میں تھا اور راہگیروں کو پریشان کر رہا تھا۔ جب وہ اس کے پاس سے گزرا تو اس نے اس پر تھوکا جس پر اس نے ردعمل کیا۔تاہم حملہ آور نے ایک سے زائد گھونسہ مارنے کی تردید کی۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت حملہ آور اپنے ایک دوست کے ساتھ تھا لیکن اس نے حملے میں حصہ نہیں لیا۔ 28سالہ پاکستانی کی شناخت محمدشان زاد کے نام سے ہوئی ہے جو اٹلی میں بے گھر تھا تاہم اس کے پاس ایک اطالوی رہائشی اجازت نامہ تھا۔ قتل کی وجوہ معلوم کرنے کیلئے لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ مبینہ حملہ آور کو بچوں کی جیل میں رکھا جائے گا۔