کراچی میں دوسرے روز بھی شدید گرمی اور لو کے تھپیڑوں سے زندگی اجیرن رہی، ایک شخص جاں بحق

Sep 21, 2015

کراچی (نیوزرپورٹر) ساحلی شہر کراچی میں دوسرے روز بھی شدید گرمی موسم نے شہریوں کو نڈھال کئے رکھا جبکہ سورج کی تپش اور لوکے تھپیڑوں نے شہری زندگی معطل بنا دی۔ محکمہ موسمیات نے پیر کو بھی شدید گرمی کی پیشگوئی کی ہے تاہم آج کی شب سے سمندری ہواﺅں کا رخ ایک بار پھر شہر کی جانب ہو گا جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان ہے۔ اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اگرچہ42.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور نمی کا تناسب صرف 20 فیصد رہا جس کے باعث آگ برساتا سورج‘ تپتی زمین اور شدید گرم ہواﺅں سے گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس ہوتی رہی۔ شہریوں کی اکثریت نے گھروں میں آرام کرنے میں ہی عافیت محسوس کی۔ محکمہ موسمیات نے آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت39 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی۔دریں اثناء شدید گرمی کی تاب نہ لاکر 60 سالہ شخص سہراب گوٹھ میں ہلاک ہوا جس کی نعش کو عباسی شہید ہسپتال پہنچایا گیا جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد افراد جن میں سے بیشتر ضعیف العمر تھے۔ ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے۔
کراچی / گرمی

مزیدخبریں