سوات کی 13 سالہ طالبہ حدیقہ نے امریکہ میں انسانی حقوق ایوارڈ حاصل کر لیا

لاہور/ نیویارک (خبرنگار‘ نمائندہ خصوصی + بی بی سی) سوات سے تعلق رکھنے والی آٹھویں جماعت کی طالبہ حدیقہ بشیر کو امریکہ میں ’محمد علی ہیومینیٹرین ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔ سیدو شریف کی 13 سالہ حدیقہ بشیر کو یہ ایوارڈ کم عمری میں لڑکیوں کی شادی کے خلاف شعوری مہم چلانے اور مختلف فورمز پر اس کے خلاف آواز اٹھانے پر دیاگیا ہے۔ یہ ایوارڈ ہر دو سال بعد مختلف شعبوں میں بہتر کام کرنے والے تیس سال سے کم عمر کے چھ لوگوں کو دیا جاتا ہے اس بار یہ ایوارڈ جن چھ افراد کو دیاگیا ہے ان میں کولمبیا، امریکہ، برطانیہ، یوگنڈا کے افراد شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے حدیقہ بشیر پہلی پاکستانی لڑکی ہیں جنہیں یہ ایوارڈ دیاگیا ہے اور وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین لڑکی بھی ہیں۔ یاد رہے حدیقہ بشیر سے پہلے سوات سے ہی تعلق رکھنے والی ملالا یوسفزئی کو نوبل ایوارڈ جبکہ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے بننے والے پہلے خواتین جرگے کی سربراہ تبسم عدنان کو امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے’حوصلہ مند خاتون‘ کا ایوارڈ دیاگیا تھا۔ حدیقہ کے مطابق سوات کے قدامت پسند معاشرے میں لڑکیوں کی کم عمری کی شادی کے بارے میں بات کرنا کچھ حد تک مشکل کام ضرور ہے کیونکہ انھیں اپنی اس مہم کے دوران بعض اوقات لوگوں کے سخت رویے کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حدیقہ کے مطابق انہیں کم عمری میں شادی کے خلاف مہم کا خیال اس وقت آیا جب ان کی ایک سہیلی کی شادی کم عمری میں کر دی گئی اور بعد میں وہ ذہنی اذیت اور جسمانی تشدد سے دوچار ہوئی جس کے بعد ’میں نے کچھ سہیلیوں کے ہمراہ‘ گرلز یونائیٹڈ فار ہیومن رائٹس‘ کے نام سے ایک گروپ بنا کرگھر گھر جا کر کم عمری کی شادی کے نقصانات کے حوالے سے آگاہی دینے کا سلسلہ شروع کیا اور اب میں گھروں کے علاوہ سکولوں اور کالجوں میں منعقد ہونے والی تقریبات میں بھی اپنا پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہوں۔ حدیقہ کے والدین اور علاقے کے لوگ اس ایوارڈ پر بہت خوش ہیں۔ حدیقہ کے والد افتخار حسین نے جو سیدو شریف میں اپنا سکول چلاتے ہیں بتایا یہ کامیابی سوات کی تمام بچیوں کی کامیابی ہے جبکہ ان کی والدہ ساجدہ افتخار کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ حدیقہ نے سوات اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ آن لائن کے مطابق حدیقہ بشیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ ایوارڈ ان کی والدین کی سپورٹ کی بدولت ملا۔ یہ ایوارڈ میں اہل پاکستان اور خصوصی طور پر سوات کی ان بچیوں کے نام کرتی ہوں جو کم عمری کی شادی کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے حدیقہ بشیر کو امریکہ میں بین الاقوامی ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا بلاشبہ حدیقہ بشیر کی جدوجہد لائق تحسین ہیں اور قوم کو اپنی ایسی باصلاحیت بیٹیوں پر فخر ہے۔
حدیقہ بشیر

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...