بھارت نے راوی میں پانی چھوڑ دیا‘ چناب میں بھی فلڈ وارننگ جاری

Sep 21, 2015

کمالیہ+ لاہور (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ این این آئی) بھارت کی جانب سے ورکنگ باﺅنڈری پر فائرنگ کے بعد آبی جارحیت شروع ہونے کے باعث دریائے راوی میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ محکمہ انہار کی جانب سے تمام عملہ کو فوری طور پر سیلابی علاقوں میں پہنچنے کی ہدایات اور بنیادی انتظامات مکمل کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا جبکہ بارشوں کا نیلا سلسلہ شروع ہونے کے بعد فلڈ کنٹرول اتھارٹی نے دریائے چناب میں فلڈ وارننگ جاری کردی ہے۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ روز بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے راوی کے گرد واقع علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور محکمہ انہار نے اپنے تمام عملہ کو فوری طور پر سیلابی علاقوں میں پہنچ کر بنیادی انتظامات مکمل کرنے، پشتے مضبوط کرنے اور اضافی پتھر جمع کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے ہیں جبکہ اس وارننگ کے باعث دریائے راوی کے گرد واقع آبادیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اگر سیلاب آتا ہے تو سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ محکمہ انہار کا کہنا ہے فی الحال تمام انتظامات احتیاطی تدابیر کے طور پر کئے جارہے ہیں۔ ابھی بھارت کی جانب سے چھوڑا جانے والا پانی اتنا نہیں ہے کہ سیلاب کا خطرہ پیدا ہو سکے۔ علاوہ ازیں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعد فلڈ کنٹرول اتھارٹی نے دریائے چناب میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ گوجرانوالہ میں دریا کے قریبی 30 دیہات کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ حکام کے مطابق 21 ستمبر سے 24 ستمبر تک وسطی پنجاب کے اضلاع گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاﺅالدین، حافظ آباد، نارروال اور دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے جس سے چناب میں پانی کی سطح 3 لاکھ کیوسک تک بڑھ سکتی ہے۔ ایکسین چناب اصغر علی چوہان کا کہنا ہے پانی کی سطح بڑھنا شروع ہو گئی ہے اور کسی بھی خطرے کے پیش نظر گوجرانوالہ میں چناب کے کنارے آباد 30 دیہات کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے انتظامیہ کی طرف سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں دوسری طرف پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ ابھی تک تمام دریا، ندی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں تاہم بارشوں کے بعد ان میں طغیانی آ سکتی ہے۔علاوہ ازیں پراونشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل جواد اکرم نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث آئندہ چند روز نہایت اہم ہیں۔ صوبہ بھر میں سرکاری محکموں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس دوران بارشوں کا سلسلہ تیز ہونے کا امکان ہے۔ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کے احکامات صادر کر دیئے گئے ہیں۔ بہترین منصوبہ بندی اور مربوط حکمت عملی سے سیلاب جیسی قدرتی آفات سے موثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ آبپاشی پنجاب نے موجودہ موسمی صورتحال اور فلڈ وارننگ کے پیش نظر نہری اثاثہ جات کی متواتر حفاظت کیلئے بیراجوں اور ہیڈ ورکس پر سینئر انجینئرز تعینات کر دیئے ہیں جو آبی گزرگاہوں میں پانی کے بہاﺅ پر مسلسل نظر رکھیںگے۔ محکمہ آبپاشی کے ترجمان کے مطابق آئندہ چند روز کی موسمیاتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے فیلڈ میں تمام عملے کو الرٹ کر دیا ہے۔

مزیدخبریں