دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم فوج کے ساتھ ہیں: سعدرفیق

Sep 21, 2015

لاہور(خبر نگار)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے نشاط پارک میں پشاورائیر بیس پر شہید ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ نماز جنازہ میںرکن پنجاب اسمبلی یاسین سوہل ،سماجی و سیاسی شخصیات اور عوام کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج ،حکومت اورپوری قوم متحد ہے ۔ قوم کے جن بہادر سپوتوں نے دہشتگردی کی جنگ میں اپنا مقدس خون دیا ہے وہ آسمان کے درخشاں ستارے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی نا قابل قبول ہے اور ان ناسوروںکا پاکستان سے قلع قمع کیا جائے گا۔ ایسے واقعات رونما کرنے والے انسانوں کے روپ میں بھیڑیے ہیں اور انکی وہی سزا ہے جو درندوں کی سزا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دہشتگرد پاکستان کے دشمنوں کے لئے کام کر رہے ہیں لیکن ان کے عزائم ناکام بنا دئیے جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ پوری قوم کو شہداء پر فخر ہے ، دہشتگرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ہیں۔ 

مزیدخبریں