معاشرے میں قیام امن ہر فرد کا فرض، فساد پھیلانے والے اللہ کے دشمن ہیں: امام کعبہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ عالم اسلام اس وقت انتشار کا شکار ہے۔ علما کرام، مبلغین اور صلحائے اُمت اصلاح اُمت کیلئے سرگرداں ہوجائیں اور معاشرے سے برائیوں کا قلع قمع کریں۔ معاشرے میں قیام امن ہر فرد کا فرض ہے اور فساد پھیلانے والے اللہ کے دشمن ہیںاور ان کیلئے سخت سزائیں ہیں۔ اسلام کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا بلکہ فساد پھیلانے والوں کو اللہ تعالیٰ مختلف حدود اور سزائیں دیتا ہے۔ امن اسلامی معاشرے کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایم این اے سے ملاقات کے دوران کیا۔ امام کعبہ نے کہا کہ جب انسان دین فطرت سے ہٹ کرچلتاہے تو معاشرے میں بگاڑ آتا ہے۔ امام کعبہ نے کہا کہ اسلامی نظام میںہی تمام انسانیت کی نجات ہے۔ معاشرے میں دین اسلام نے دنیاوی اور اُخروی تمام امور کو ضابطہ حیات کے طور پررکھا ہے۔ شریعت کیخلاف چلنے سے معاشرہ بگاڑ کی طرف جاتا ہے۔ مسلم حکمراں شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کریں۔ معاشرے میں امن کا قیام معاشرے کے تمام افراد کی ذمہ داری ہے۔ علمائے کرام پوری دنیا کے انسانوں میں دین اسلام کو عام کریں اور امت مسلمہ کے نوجوانوں کو خصوصاً طاغوتی قوتوں کی طرف مائل نہ ہونے دیں۔

ای پیپر دی نیشن