رائیونڈ+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) عمران خان کے 30 ستمبر کو رائیونڈ مارچ کے اعلان کے بعد مسلم لیگی کارکنوں کے جاتی امرا چوک میں اکٹھے ہوکرعمران خان کیخلاف نعرے بازی اور نوازشریف سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی وزیر مملکت عابد شیر علی کے شہر فیصل آباد سے سینکڑوں ڈنڈا بردار کارکنان صدر یوتھ ونگ لاہور حافظ جمیل کی قیادت میںٹرکوں اور بسوں پربیٹھ کر اڈا پلاٹ پہنچے، بھوبتیاں چوک سے مسلم لیگی خاتون کارکن بی بی وڈیری کی قیادت میں سینکڑوں خواتین نے انکا استقبال کیا اور ریلی میں شامل ہو گئیں، اڈا پلاٹ پر مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب مرزا محمد جاوید اورچیئرمین انٹر نیشنل امن کونسل لاہور ڈویژن اشعر نیازی نے کارکنوں سمیت ان کو خوش آمدید کہا، اس موقع پر گھنٹوں نعرے بازی ہوتی رہی۔ ادھر گوجرانوالہ میں حمزہ یوتھ ونگ کے کارکنوں نے چارپائی پر انڈے اور ٹماٹر رکھ کر پی ٹی آئی کا علامتی جنازہ نکالا، کارکن عمران خان کے پتلے پر انڈے اور ٹماٹر برساتے رہے، جبکہ مارچ کے دوران کپتان کو انڈہ مارنے والے کیلئے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کر دیا گیا، بعدازاں کارکنوں نے عمران خان کے پتلے کو دیوار کے ساتھ لٹکا کر اس پر انڈے اور ٹماٹر برساتے ہوئے نشانے لگانے کی باقاعدہ مشقیں کیں۔
رائیونڈ مارچ کیخلاف جاتی امرا چوک پر لیگی کارکنوں کا مظاہرہ: گوجرانوالہ، پی ٹی آئی کا علامتی جنازہ نکالا
Sep 21, 2016