ووٹوں کی تصدیق شروع، تجدید شدہ لسٹیں ساڑھے 11ہزار ڈسپلے سنٹرز میں آویزاں

اسلام آباد (خبرنگار) ملک بھر میں ووٹوں کی تصدیق اوردرستگی کا عمل شروع ہو گیا۔ الیکشن کمشن نے ملک بھرمیں 11 ہزار ڈسپلے سینٹرز پر ووٹر لسٹیں آویزاں کر دیں ۔انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا، تمام تصدیق شدہ فہرستیں 10 اکتوبر تک آویزاں کی جائیں گی۔ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق اضافہ جات اور حذف ووٹ کی فہرستیں ملک بھر کے تقریبا11ہزار 500 سے زائد ڈسپلے سینٹرز پر آویزاں ہوں گی۔پنجاب میں 7000 سندھ میں 1900 ،خیبر پی کے، فاٹا میں 1000 اور بلوچستان میں 1500 مقامات پر ڈسپلے سینٹرز بنانے گئے، ڈسپلے سینٹر ز کی فہرستیں الیکشن کمشن آف پاکستان کی ویب سائٹ پر بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ڈسپلے سینٹر ز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہفتے کے ساتوں دن کھلے رہیں گے،ووٹرز ووٹ کی منتقلی،اخراج،درستگی کے لیے قریبی ڈسپلے سینٹر یا دفترضلعی الیکشن کمشنرسے رابطہ کر سکتے ہیں۔ فارم اے ووٹ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرانے اور نئے ووٹ کے اندراج کے لئے ہے جبکہ فارم بی ووٹ کے اخراج کے لئے ہے۔ فارم سی ووٹ کی تصحیح کیلئے ہے۔ لاہور میں 248 ڈسپلے سنٹرز ہائی، مڈل اور پرائمری سکولوں میں قائم کئے گئے ہیں۔ ہر سنٹر پر فارم اے، بی، سی مہیا کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے الیکشن کمشن نے 10تا 29اگست نادرا کی فراہم کردہ انتخابی فہرستوں کی تجدید کا کام جاری رکھا۔ 20 دنوں میں 24 لاکھ 2ہزار 53 ووٹوں کی تصدیق کا کام مکمل کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن