رائیونڈ مارچ‘ مزاحمت کی صورتحال پر عمران خاں کی قانونی ماہرین سے مشاورت

Sep 21, 2016

اسلام آباد (عزیز علوی) عمران خان نے رائیونڈ مارچ کیلئے مسلم لیگ ن کی جانب سے مزاحمت سے پیدا شدہ صورتحال پر قانونی ماہرین سے منگل کو طویل مشاورت کی اور ان سے آئین پاکستان میں سیاسی آزادیوں کے حوالے سے امور معلوم کئے چیئرمین سنجیدگی سے اس پہلو پر غور کر رہے ہیں کہ لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی کیلئے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے تحفظ کیلئے درخواست دائر کی جائے قانونی ماہرین حامد خان اور نعیم بخاری نے چیئرمین عمران خان کو تفصیلی بریفنگ دی پی ٹی آئی کے قائد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی نئی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے سکیورٹی فول پروف رکھنے کیلئے خطوط لکھنے کے آپشن پر غور کیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے پہلے مرحلے میں آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو خط بھجوا دیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پنجاب پولیس کو پی ٹی آئی کی ریلی میں غیر جانبدار رکھنے کیلئے ہدایات دیں تحریک انصاف اگلے تین دنوں میں رائیونڈ مارچ کے حوالے سے مرکزی قیادت کی سطح پر اپنی باضابطہ پالیسی بھی دے گی جس میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کا تحفظ پہلی ترجیح رکھا جائے گا۔ عمران خان نے پارٹی لیڈر شپ سے گفتگو میں یہ بات واضح کردی ہے کہ وہ ہر حال میں رائیونڈ کی ریلی کے شرکاء کے تحفظ کو اولیت دیں گے ان کیلئے کارکنوں کی سلامتی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں تاہم وہ پانامہ لیکس پر وزیر اعظم نوز شریف کے خلاف احتجاج کو آخری حد تک لے کر جائیں گے ادھر تحریک انصاف کے ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ رائیونڈ احتجاج کیلئے پارٹی ان تمام آپشنز کو بھی دیکھ رہی ہے جن سے مناسب طور پر ن لیگ کی مبینہ منفی مہم کو زائل کیا جاسکے۔

مزیدخبریں