گانسو (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ترقی و خوشحالی کیلئے اقوام عالم میں پر امن بقائے باہمی ضروری ہے، جنوبی، وسطی ایشیا، شمالی افریقہ اور خلیجی ریاستوں میں روابط سے اقتصادی تعلقات مستحکم ہونگے، پاکستان ایشیا، یورپ اور افریقی خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کریگا، شاہراہ ریشم سے منسلک خطوں میں اقتصادی و ثقافتی روابط سے امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی، چین کی طرف سے پہلی شاہراہ ریشم بین الاقوامی ثقافتی نمائش کا انعقاد قابل تعریف ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بات چین کے صوبے گانسو کے شہر دنہوانگ میں شاہراہ ریشم بین الاقوامی ثقافتی نمائش سے خطاب کے موقع پر کہی۔ پرویزرشید نے کہا ہے کہ ترقی اور خوشحالی کیلئے اقوام عالم میں پر امن بقائے باہمی ضروری ہے، قوموں کے درمیان ثقافتی تبادلے اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں 85 ملکوں کے نمائندوں کا اکٹھا ہونا حوصلہ افزا ہے۔