اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ترک بری فوج کے سربراہ جنرل صالح ذکی ایلک نے گزشتہ روز پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کے سا تھ اہم ملاقاتیں کیں اور ان سے فوجی تعاون و انسداد دہشت گردی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ ترک جنرل اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی ملاقات کے دوران فوجی تعاون، انسداد دہشت گردی، فوجی تربیت، خطہ میں سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسبی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ آصف نے پاک ترک دفاع تعاون اور دوسرے شعبوں میں تعاون کی نوعیت اور سطح کو سراہا۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردگان کی طرف سے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور بغاوت کچلنے کے حالیہ اقدامات کی تعریف کی اور ترک وفد کو پاکستان کی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 میں شرکت کی دعوت دی۔آرمی چیف کے ساتھ ملاقات کے دوران دفاعی تعاون، انسداد دہشت گردی، خطہ میں امن و سلامتی اور فوج کی پیشہ ورانہ تربیت جیسے امور پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے پاکستانی فوج کی آپریشنل، انٹیلی جنس اور تربیتی معاملات پر تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔مہمان جنرل نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی بے مثال کامیابیوں اور قربانیوں پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔مہمان جنرل کو جی ایچ کیو آمد پر سلامی پیش کی گئی جب کہ انہوں نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی۔اٹلی کے وزیر دفاع سینیٹر رابرٹا پنوٹی نے بھی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور دفاع و سلامتی کے امور پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔
ترک سربراہ
ترک فوج کے سربراہ کی خواجہ آصف اورجنرل راحیل سے ملاقات
Sep 21, 2016