اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان اور پورے خطہ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے افغانستان اور پاکستان کے لئے یورپی یونین کے خصوصی نمائندے فرانس مائیکل سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ناصر جنجوعہ نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور خطے میں قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمت اور امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ الزام تراشی اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے تاکہ دوطرفہ تعلقات میں خرابی پیدا نہ ہو۔ ملاقات کے دوران باہمی تعاون کے شعبوں اور خطے کی سلامتی کو مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔