ٹیسٹ رینکنگ:نمبر ایک ہونے پرٹیم کوآئی سی سی میس سے نواز دیا گیا

Sep 21, 2016 | 15:02

ویب ڈیسک

لاہور:آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ایک پر آنے پر آئی سی سی میس سے نواز دیا گیا ۔بدھ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون بننے کی تقریب منعقد ہوئی، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈ سن نے ٹیسٹ ٹیم کے مصباح الحق کو میس دیاٹرافی دینے کے بعد ڈیو رچرڈ سن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ۔اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ شائقین کرکٹ کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کرکٹ کھیلیں ، نمبر ون کی پوزیشن برقرار رکھنا چیلنج ہے، یہ لمحات میری زندگی کی حسین یادوں میں سے ایک ہیں۔لاہور میں گزشتہ روزپریس کانفرنس سے خطاب میں مصباح الحق نے کہا کہ آج میری زندگی میں سب سے زیادہ خوشی کا دن ہے،اس اچیومنٹ کاحصول تمام کھلاڑیوں،کوچز،منتظمین اور بورڈ کا مرہونِ منت ہے،مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے خلاف بھی اچھا کھیلے ہیں لیکن انگلینڈ کے خلاف کارکردگی کو نمبر ون قرار دوں گا ۔ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا مزید کہناتھاکہ ٹی 20 کرکٹ سے کھیل کا اسٹائل کافی بدل چکا ہے ،ون ڈے میں کامیابی کے لئے کافی محنت کرنی ہوگی.ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی غیر متوقع کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسکول اور کالج کی سطح پر کرکٹرز کو تربیت دینے سے ہی کرکٹ کو فروغ ملے گا،قومی کرکٹ میں آکر کوئی کھلاڑی خود کو تبدیل نہیں کر سکتا۔مصباح الحق کہا کہ کرکٹ بورڈ سے درخواست ہے کہ کرکٹرز کو اچھے انداز میں رخصت کر نے کی پالیسی بنائیں۔آئی سی سی میس دینے پرانٹرنیشنل کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم نے متحد ہوکر کھیلا جس کا صلہ مل گیا یہ میری زندگی کے حسین لمحات میں سے ایک ہیں اس موقع پر ٹیم کے ہر کھلاڑی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔واضح رہے کہ پاکستان آئی سی سی میس وصول کرنے والا پانچواں ملک بنا ہے اس سے قبل آسٹریلیا، جنوبی افریقا، بھارت اور انگلینڈ یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

مزیدخبریں