ورلڈ الیون میچزمیں طبی خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کو شاباش

Sep 21, 2017

لاہور ( این این آئی)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسرڈاکٹر غیاث النبی طیب نے ورلڈ الیون کے کرکٹ میچز کے دوران طبی خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹر ز و پیرا میڈیکل سٹاف کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے طبی عملے نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور300کے لگ بھگ ملکی و غیر ملکی لوگوں کو میڈیکل سروسز مہیا کی گئیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ انشاءاللہ آئندہ بھی اسی جوش و جذبے کو برقرار رکھا جائے گا اور لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ پہلے سے زیادہ پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ اپنا کام کرے گا۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ اس سے قبل پی ایس ایل میچز کے دوران بھی ایل جی ایچ نے ہی عارضی ہسپتال قائم کیا تھا اور طبی خدمات مہیا کی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ا سٹیڈیم کے اندر اور باہر میڈیکل ایمرجنسی کےلئے مربوط انتظامات کیے گئے تھے جس سے شائقین میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا۔پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ بہتر کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی ہماری اولین ذمہ داری ہے اور لاہور میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ پر دنیا بھر کی نظریں تھیں جہاں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کےلئے طبی عملے اور ضروری ادویات سمیت ہر ممکن سہولیات موجود تھیں۔ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف نے دن رات اپنے فرائض سر انجام دے کر قومی فریضہ سر انجام دیا ہے جس کو ہم سب خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

مزیدخبریں