آمروں کی اولاد جمہوری لبادہ اوڑھ کر عوام کا خون چوس رہی ہے نواز شریف اور عمران خان عوام کو گمراہ کرتے ہیں بلاول بھٹو زرداری


ساہیوال (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا ہے کہ میرا آپ سے سالوں پرانا رشتہ ہے، آپ سے میرا صرف سیاسی رشتہ نہیں، نظریاتی اور جدوجہد کا رشتہ ہے۔ ساہیوال کے ادیبوں اور موسیقاروں نے تاریخ پر اثر چھوڑا ہے۔ ساہیوال میں لوگوں نے اپنا لوہا منوایا۔ نااہل حکمرانوں نے آپ کو قدم قدم پر دھوکہ دیا ہے۔ ان کی سیاست اپنے کاروبار بڑھانے کی سیاست ہے۔ پنجاب میں کسانوں کے حقوق کو سلب کیا جا رہا ہے، مہنگائی یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ پیاز اور ٹماٹر کی قیمت آسمان تک پہنچ گئی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت پچھلے چار سالوں سے کیا کرتی آئی ہے۔ پنجاب حکومت کے مظالم کی تلوار آج بھی عوام پر چل رہی ہے۔ آمروں کی اولاد جمہوری لبادہ اوڑھ کر عوام کا خون چوس رہی ہے۔ اوکاڑہ زرعی فارم کے مزارعین کا استحصال جاری ہے۔ پیپلز پارٹی نے اوکاڑہ زرعی فارم کے مزارعین کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔ یہاں کا ایک مسئلہ ساہیوال کول پاور پلانٹ ہے۔ کوئلہ باہر سے منگوایا جائے گا۔ کوئلہ کراچی سے ساہیوال پہنچے گا۔ کوئلے سے چلنے والے منصوبے سے مہنگی بجلی پیدا ہو گی۔ پنجاب کے کمیشن خور حکمرانوں نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے نام پر مہنگا منصوبہ بنایا۔ ساہیوال کول پلانٹ سے ماحولیاتی مسائل پیدا ہونگے۔ ہمارے دور میں 30 ایکڑ سے کم زمین کے مالک کو کسان کارڈ دیا جائے گا۔ آپ سے وعدہ ہے کہ کسان اور مزدور دوست منشور ہو گا۔ فصل اترنے سے پہلے امدادی قیمت کا اعلان کیاج ائے گا۔ پنشن میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ باردانہ کی منصفانہ تقسیم کا طریقہ کار بنایا جائے گا۔ ہسپتالوں میں مفت علاج اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ میرا جینا مرنا عوام کیلئے ہے۔ ہم عوام کیلئے جیتے مرتے ہیں۔ آصف زرداری نے گندم کی قیمت 600 سے بڑھا کر 1200 روپے کی تھی۔ گندم کی قیمت بڑھانے سے کسان خوشحال ہوا تھا۔ آپ کو یاد ہو گا پیپلز پارٹی کیخلاف آئی جے آئی بنائی گئی تھی۔ آئی جے آئی میں آمریت کے سہولت کاروں کو یکجا کیا گیا تھا۔ آج رجعت پسند پارٹیاں کالعدم تنظیموں کے نرغے میں ہیں۔ نواز شریف اور عمران خان عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔ یہ میرا پہلا اور ان کا آخری الیکشن ہو گا۔ یہ اپنی سیاست چمکانے کیلئے اداروں کو بدنام کرتے ہیں۔ میں گالی اور دھمکیوں کی سیاست نہیں کرتا۔ ملک کے ہر شہر جاﺅں گا۔ عوام سے رابطہ کروں گا۔ تبدیلی کی بات کرنے والے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
بلاول

ای پیپر دی نیشن