عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل، الیکشن کمشن کے شوکاز نوٹس کا جوا ب دیں: اسلام آباد ہائیکورٹ

Sep 21, 2017

اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سر براہی میں 3رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے الیکشن کمشن کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کو شو کاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کر دی۔ الیکشن کمشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں25ستمبر کو دوبارہ طلب کیا تھا۔ عمران خان کی جانب سے بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے، الیکشن کمشن نے اسلام آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ( ایس ایس پی) آپریشنز کو مراسلہ جاری کیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی چیئر مین کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی تھیں۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا جو کہتے تھے نواز شریف کے بعد عمران خان کی باری ہے ان کی امیدوں پر اوس پڑ گئی، الیکشن کمشن ایک ہی پارٹی کا ٹرائل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا این اے 120میں الیکشن کمشن کو بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں، الیکشن کمشن نے ان شکایات کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔

مزیدخبریں