لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)) سری لنکا کی طرح پاکستانی کھلاڑیوں کی فٹنس بھی سوالیہ نشان بننے لگی ہے۔ قومی ٹیم کے اوپنر اظہر علی کے بعد سپن باولر یاسر شاہ بھی فٹنس مسائل سے دو چار ہو گئے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے یاسر شاہ کا گذشتہ روز بیپ ٹیسٹ لیا گیا جس میں وہ مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتر سکے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ نے یاسر شاہ پر واضح کر دیا ہے کہ قومی سکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے انہیں فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اعلان سے قبل اظہر علی اور یاسر شاہ دنوں کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے ہونگے۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے جاری تربیتی کیمپ 23 ستمبر تک جاری رہے گا جس کے بعد قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے گذشتہ روز ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق سے کھلاڑیوں کے حوالے سے مشاورت بھی کی۔
اظہر علی کے بعد یاسر شاہ بھی فٹنس مسائل کا شکار، ٹیسٹ میں ناکام
Sep 21, 2017