لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات کیلئے پی سی بی سے ملوث کرکٹرز کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ ٹیم نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ملاقات کی اور ملوث کھلاڑیوں کا ریکارڈ طلب کیا، کھلاڑیوں کے کنٹریکٹس اور بینک اکاو¿نٹس کی تفصیلات کے ساتھ موبائل فونز کا ریکارڈ بھی مانگ لیا ہے۔ نجم سیٹھی نے ایف آئی اے حکام کو تمام معلومات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ واضح رہے کہ نجم سیٹھی نے حکام سے درخواست کی تھی کہ کرکٹرز کے خلاف پی سی بی کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تحقیقات کی جائیں۔ مزید برآں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹریبونل نے شاہ زیب حسن کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گزشتہ روزہونیوالی سماعت میں پی سی بی اےنٹی کرپشن ٹریبونل میں شاہ زیب حسن کے ریکارڈڈ ویڈیو بیان سنے گیے، دوران سماعت دبئی میں ریکارڈ کئے گئے شاہ زیب حسن کے بیانات بھی سنے گئے جو سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے ریکارڈ کیے تھے۔دریں اثنا خالد لطیف کے وکیل بدر عالم کا کہنا تھا کہ ہمارا کیس کافی مضبوط ہے، ہم لازمی سپریم کورٹ میں جائیں گے۔