کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی سے متعلق چیف سیکریٹری کے فوکل پرسن کو سیکیورٹی اقدامات کی تفصیلی رپورٹ سمیت طلب کرلی ہے جبکہ عدالت نے نجی اسکول کی فیسوں میں پانچ فیصد سے زائد اضافے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں تعلیمی اداروں اور نجی اسکولوں میں زائد فیسوں سے متعلق کیسز کی علیحدہ علیحدہ سماعت ہوئی۔پہلی درخواست میں پائلر نامی تنظیم نے موقف اختیار کیا کہ سولہ دسمبر2015ء کو آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد اسکولز کو خطرات ہیں ، ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو دہشت گردی کا خطرہ ہے، سندھ بھر کے اسکولوں کی سیکیورٹء کے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ درخواست گزار کی تجاویز کی روشنی میں کیا اقدامات ہوئے ؟عدالت نے چیف سیکرٹری کے فوکل پرسن کو سیکیورٹی اقدامات کی تفصیلی رپورٹ سمیت12اکتوبر تک طلب کر لیا۔