شبقدر (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار دینے والے بیرونی جرائد آج یہ ماننے پر مجبور ہیں کہ پاکستان ایشیا کی ابھرتی ہوئی معیشت ہے، آج پاکستان کو کوئی خطرناک ترین ملک قرار دینے کی جسارت نہیں کرسکتا کیونکہ پاکستان نے اللہ کے فضل سے دہشگردی کی اس لہر کو شکست دی جو 2013 میں مگر مچھ کی طرح اس ملک کو کھانے کیلئے منہ کھولے کھڑی تھی‘ یہ کامیابی پاکستانی قوم، سکیورٹی اداروں کی محنت، قربانیوں اور شہادتوں کی مرہون منت ہے‘ اپنے خون کی قربانی سے اس وطن کی مٹی کو سرسبز رکھنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہیدوں پر قوم کو فخر ہے۔ احسن اقبال نے ایف سی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی اور تمام سکیورٹی ادارے پاک سرزمین کی حفاظت کیلئے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں۔ 2013 میں دنیا پاکستان کو خطرناک ترین ملک تصور کرتی تھی، بین الاقوامی جریدے نیوز ویک نے اپنے سرورق پر سٹوری شائع کی کہ دنیا کا سب سے خطرناک ترین ملک عراق نہیں پاکستان ہے، مگر آج وہی مغربی میڈیا کے جرائد پر لکھنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ پاکستان ایشیا کی ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔ آج پاکستان کو دنیا کے اندر دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانی دینے والا اور کامیابی حاصل کرنے والا ملک قرار دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں کسی ملک کا دفاع اس کی مضبوط معیشت کے ساتھ وابستہ ہے۔ معیشت ہی کسی ملک کے ناقابل تسخیر ہونے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے امن اور استحکام آکسیجن فراہم کرتا ہے۔ ملک میں سیاسی استحکام نہ ہو تو ترقیاتی منصوبے ناکام ہوجاتے ہیں۔ امن کیلئے ایف سی کا کردار کلیدی ہے۔
سیاسی عدم استحکام سے ترقیاتی منصوبے ناکام ہوتے ہیں کوئی پاکستان کو خطرناک ملک قرار دینے کی جرات نہیں کرسکتا :وزیر داخلہ
Sep 21, 2017