چین کی پاکستان کو بلوچستان میں قدرتی وسائل دریافت کرنے کی پیشکش

کوئٹہ (نمائندہ نوائے وقت + آن لائن) چینی ریسرچ اور سرمایہ کار کمپنی ٹونگسِن ریسورس لمیٹڈ نے بلوچستان کے معدنی وسائل کو ترقی دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام میر کمال خان علیانی سے ہونے والی ایک ملاقات میں کمپنی کے صدر وینگ جِن چینگ نے صوبے کے قدرتی وسائل دریافت کرنے کی پیشکش کی۔انہوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کی کمپنی کا انضمام سینڈک منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی کے ساتھ ہوگیا ہے، اور انہوں نے صوبائی حکومت سے سینڈک منصوبے میں توسیع کرنے کی اجازت طلب کی جس سے نہ صرف صوبے کی معیشت بہتر ہوگی بلکہ مقامی لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کمپنی متعدد ممالک میں معدنی ذخائر کی تلاش کا کام کررہی ہے اور دنیا بھر میں 50 ارب ڈالر مالیت کے اثاثوں کی مالک ہے۔اس موقع پر وزیراعلی نے بلوچستان کے معدنی ذخائر میں دلچسپی لینے پر چینی کمپنی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ترقیاتی کاموں میں تعاون کرنے پر چینی حکومت کے کوششوں کو سراہتے ہیں، بدقسمتی سے معدنی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود اس شعبے کو مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کے سبب قدرتی وسائل دریافت کرنے اور انہیں ترقی دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ چینی کمپنی کو بلوچستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے حوالے سے موثر منصوبہ بندی ضرور پیش کرنی چاہیے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل سمیت ہر فورم پر بلوچستان کے مفادات کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا اور تمام تصفیہ طلب امور کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کے لئے دلیل اور زمینی حقائق کو بنیاد بناکر سیاسی انداز میں آگے بڑھاجائے گا، ان خیالات کااظہار انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں شامل امور کا جائزہ لینے اور ان امورپر بلوچستان کے موقف کی تیاری کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں وفاقی محکموں میں بلوچستان کے مقرر کردہ کوٹے کے مطابق ملازمتوں کے حصول، خودمختار اداروں اور کارپوریشنوں میں بلوچستان کی نمائندگی، مشترکہ مفادات کونسل کے سیکریٹریٹ میں بلوچستان کے افسر کی تعیناتی، بلوچستان کو ارسا معاہدے کے مطابق پانی کی فراہمی، سندھ کے ساتھ پانی کے مسائل اور پانی کی مد میں واجبات کی وصولی، بلوچستان کو درپیش بجلی کے مسائل، اٹھارویں ترمیم کے تحت تحلیل ہوکر صوبوں کو منتقل ہونے والے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن اور ورکرز ویلفیئر فنڈز کے اداروں پر صوبے کے اختیار سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے سی سی آئی کے اجلاس میں پیش کرنے کے لئے صوبے کے موقف کو حتمی شکل دی گئی۔
چین / پیشکش

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...