محرم سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کوبروئے کارلایاجائے:آئی جی

سرگودھا(این این آئی )انسپکٹرجنرل پنجاب پولیس محمدطاہرنے کہاہے کہ یوم عاشورہ صوبہ بھر میں امن وامان کی فضابرقراررکھنے کیلئے پولیس افسران واہلکار جذبہ ایمانی کے ساتھ ہائی الرٹ ہوکرپیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے گی تاکہ نقص امن کی ہرکوشش سمیت شر پسند اور دہشت گرد عناصر کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملایاجاسکے ۔انہوں نے دورہ سرگودھا میں کہاکہ یوم عاشورکے مرکزی جلوسوں کے آغازسے قبل جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ، سپیشل برانچ کی ٹیموں اورسونگھنے والے کتوں کی مدد سے سکریننگ اور چیکنگ کے عمل کو ہرصورت یقینی بنایاجائے جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کیلئے مساجد اور امام بارگاہوں سے 100فٹ کے فاصلے پرپارکنگ کا معقول انتظام کیاجائے جہاں چاک و چوبند جانباز اہلکاراچھی طرح چیک کرنے کے بعد گاڑیوں کو پارکنگ میں لگوائیں۔انہوں نے کہاکہ صوبہ بھرمیں محرم سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کوبروئے کارلایاجائے اور جلوسوں اورمجالس کے اوقات کارکی پابندی کو ہرصورت یقینی بنایاجائے ۔

ای پیپر دی نیشن