اسلام آباد (نیٹ نیوز) پی آئی اے کی ناقص کارکردگی اور کرپشن کی ایک اور کہانی سامنے آگئی جس میں قومی ائیرلائن کی 46 پروازیں بغیر مسافر ہی آپریٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کا آڈٹ رپورٹ کے حوالہ سے کہنا ہے 2016-17 ایک سال میں اسلام آباد ائیرپورٹ سے پی آئی اے کی 46 پروازیں بغیر کسی مسافر کے آپریٹ کی گئیں۔ یعنی 17-2016 کے دوران ایسی 46 پروازیں اڑائی گئیں جن میں ایک بھی مسافر سوار نہ تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے ان پروازوں سے قومی ائیر لائن کو 18 کروڑ روپوں سے زائد کا نقصان ہوا۔ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ان پروازوں کے علاوہ 36 حج اور عمرہ کی پروازیں بھی بغیر کسی مسافر کے روانہ ہوئیں، اکتوبر 2018 میں انتظامیہ کو معاملے سے آگاہ کیا گیا لیکن موجودہ انتظامیہ نے بھی معاملے کی تحقیقات نہیں کروائی۔ سرکاری دستاویزات میں معاملے کا ذمہ دار پی آئی اے انتظامیہ کی لاپرواہی کو قرار دیا گیا۔
بغیر مسافر 46 پروازیں، پی آئی اے نے 18 کروڑ ہوا میں اڑا دیئے
Sep 21, 2019